پاکستان نے شام سے سفارتی عملہ عارضی طور نکال لیا
|
اسلام آباد…دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شام کی صورت حال کے باعث پاکستان نے وہاں سے سفارتی عملہ عارضی طور نکال لیا ہے، حالات بہتر ہوتے ہی سفارت خانہ اپنا کام دوبارہ شروع کر دے گا۔ اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ معظم خان کا کہنا تھا کہ شام کی صورت حال اور وہاں انسانی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کو تشویش ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کے دورہ ایران کی تاریخ طے کی جارہی ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن ملکی مفاد میں ، منصوبے پر عمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے طالبان قیدی رہا کیے ہیں، تاہم ملا برادر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ابھی پاکستان کی تحویل میں ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کے پاس اگر افغان نیشنل سیکورٹی کے ڈائریکٹر اسداللہ خالد پر حملے کی پاکستان میں منصوبہ بندی کا کوئی ثبوت ہے تو ہم سے شیئر کیا جائے،پاکستان کی سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، دہشت گردی پاک افغان مشترکہ مسئلہ ہے۔ڈاکٹر چشتی کے حوالے سے ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بالاخر انہیں انصاف مل گیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اگر پارلیمنٹ پر حملے کی پاکستان میں منصوبہ بندی کا کوئی ثبوت ہے تو ہم سے شیئر کرے۔ مولوی فضل اللہ کے حوالے سے ایک سوال پر ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ان کے بارے ڈوسیئر افغان حکومت اور ایساف کو فراہم کیا ہوا ہے۔شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر ترجمان نے تشویش کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنا چاہیے۔ |
No comments:
Post a Comment