متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والی بین
الاقوامی کانفرنس میں امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ نے تمام ملکوں کو انٹرنیٹ
کنٹرول کرنے کا مساوی حق دینے کی مخالفت کی ہے۔
ان تین ممالک نے کانفرنس کے اختتام پر انٹرنیشنل کمیونیکیشن معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔
مام ممالک کو انٹرنیٹ کنٹرول کرنے کے حق کی حمایت روس، چین اور سعودی عرب نے کی تھی۔
تاہم ڈنمارک، چیک ری پبلک، سویڈن، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، کوسٹا ریکا اور کینیا کے مندوبین نے کہا کہ ان کو اپنی حکومتوں سے مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔
یہ بارہ روزہ کانفرنس اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کی جانب سے منعقد کرائی گئی تھی۔ اس کا مقصد کمیونیکیشن کے معاہدے کی نظرثانی کرنا تھا جو چوبیس سال قبل طے پایا تھا۔
آئی ٹی یو کا کہنا ہے کہ ان کو یقین تھا کہ اس کانفرنس میں اتفاق رائے ہو جائے گا۔
اس کانفرنس کا مقصد سپیم اور انٹرنیٹ کی رسائی کو توسیع دینے پر مشترکہ لائحۂ عمل تیار کرنا تھا۔ تاہم زیادہ وقت اس پر بحث ہوئی کہ آیا تمام ممالک کو انٹرنیٹ کی تکنیکی بنیاد کی ڈیویلپمنٹ کا حق حاصل ہونا چاہیے یا نہیں۔
روس، چین، سعودی عرب اور سوڈان نے تجویز پیش کی تھی کہ تمام حکومتوں کو انٹرنیٹ نمبرنگ، نام، ایڈریس اور شناختی طریقے کنٹرول کرنے کا حق ہونا چاہیے۔ تاہم یہ تجویز منظور نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ گوگل نے خبردار کیا تھا کہ اس طرح کی کانفرنس ’اوپن انٹرنیٹ‘ کے لیے کھلا خطرہ ہے جبکہ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس بارے میں موجودہ نظام موثر ہے اور ’اگر کوئی چیز ٹوٹی نہیں تو اسے جوڑنے کا کیا مقصد۔
No comments:
Post a Comment