کراچی … جعلی تعلیمی اسناد کی وجہ سے پی آئی اے سے نکالے گئے 3 پائلٹوں میں صدر اور وزیراعظم کا خصوصی طیارہ اڑانے والا پائلٹ کیپٹن فہیم بھی شامل ہے، جعلی اسناد پر پی آئی اے کے مزید 3 پائلٹوں کو جبری ریٹائرڈ کردیا گیا، یہی نہیں 500 فضائی میزبانوں کی اسناد بھی جعلی ثابت ہوئی ہیں، پی آئی اے میں بھرتی کیلئے پائلٹ کی تعلیمی قابلیت محض انٹر ہے۔ برطرف اور جبری ریٹائرڈ کئے گئے پی آئی اے کے باکمال پائلٹوں نے میٹرک اور انٹر کی جعلی تعلیمی اسناد جمع کرائی تھیں۔ برطرف ہونے والے کیپٹن فہیم محمود 28 سال سے پی آئی اے میں مختلف اقسام کے طیارے اڑاتے رہے، اس دوران سابق صدر پرویز مشرف سمیت کئی صدور اور وزرائے اعظم کی وی وی آئی پی پروازیں بھی اڑائیں، انٹر سائنس کے جعلی سرٹیفکیٹ کے باوجود وہ چیف پائلٹ بوئنگ 777 اور چیف پائلٹ ٹیکنیکل جیسے اعلیٰ اور اہم ترین عہدوں پر بھی فائز رہے۔ جعلی تعلیمی اسناد پر برطرف کئے گئے دوسرے 2 پائلٹ کیپٹن جہاں زیب اور کیپٹن ارشد محمود 18 ، 18 سال سے پی آئی اے میں ملازمت کررہے تھے، جعلی تعلیمی اسناد پر پکڑے جانے والے مزید 3پائلٹوں کیپٹن شایان حقی، کیپٹن عصمت اور کیپٹن شاہد منان کو جبری ریٹائرڈ کردیا گیا۔ اس طرح جعلی تعلیمی اسناد پر پی آئی اے سے 6 پائیلٹوں کو نکالا گیا ہے۔ دوسری جانب لاجواب سروس فراہم کرنے والے پی آئی اے کے سینکڑوں مرد اور خواتین فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد بھی جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران 500 سے زیادہ فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد جعلی ثابت ہوئیں، تاہم بتایا جاتا ہے کہ پی آئی اے کی سی بی اے یونین پیپلز یونٹی کے دباوٴ پر جعلی تعلیمی اسناد والے فضائی میزبانوں کے خلاف کارروائی فی الحال روک دی گئی ہے۔
No comments:
Post a Comment