Thursday 14 March 2013

ارجنٹینا کے جارج ماریو برگلیو نئے پوپ منتخب


حسبِ روایت ویٹی کن کے 'سسٹین چیپل' پر نصب چمنی سے سفید دھویں کے اخراج سے دنیا کو نئے پوپ کے انتخاب کا علم ہوا


واشنگٹن — ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے پادری جارج ماریو برگولیو رومن کیتھولک عیسائیوں کا نیا 'پوپ' منتخب کرلیا گیا ہے۔ وہ پوپ فرانسس اول کا لقب اختیار کریں گے۔

نئے پوپ کے انتخاب کا اعلان  فرانس سے تعلق رکھنے والے کارڈینل جین لوئس توران  نے ویٹی کن کے مرکزی گرجا گھر 'سینٹ پیٹرز بیسلیکا' کی مرکزی بالکونی سے کیا۔

اطالوی زبان میں کیے جانے والے اس اعلان کے بعد 76 سالہ نومنتخب پوپ  نے بالکونی میں آ کر 'بیسلیکا' کے سامنے 'سینٹ پیٹرز اسکوائر' میں منتظر اپنے ہزاروں معتقدین  کو اپنا دیدار کرایا۔

فرانسس اول لگ بھگ دو ہزار سال قدیم رومن کیتھولک عیسائیت کے 266 ویں پوپ ہیں۔

اس سے قبل دنیا کو نئے پوپ کے انتخاب کا علم حسبِ روایت ویٹی کن کے 'سسٹین چیپل' پر نصب چمنی سے سفید دھویں کے اخراج سے ہوا جس کا مطلب ہے کہ چیپل میں موجود 115 کارڈینلز نے خفیہ رائے دہی کے ذریعے نئے پوپ کا انتخاب کرلیا ہے۔

چمنی سے سفید دھواں  برآمد ہونے کے بعد 'سینٹ پیٹرز بیسلیکا' کی گھنٹیاں بھی بجائی گئیں۔

نئے پوپ کے انتخاب کے اس علامتی اعلان پر ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہزاروں عیسائی معتقدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہاں جشن منایا جاتا رہا۔

رومن کیتھولک عیسائیت میں منتخب پوپ تاحیات اس عہدے پر فائز رہتا ہے لیکن سابق پوپ بینیڈکٹشانزدہم گزشتہ ماہ خرابی صحت  کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

بینی ڈکٹ – جنہیں اب پوپ ایمریٹس کے خطاب سے پکارا جاتا ہے  - گزشتہ 600 برسوں میں مستعفی ہونے والے واحد پوپ ہیں۔

دنیا بھر میں بسنے والے ایک ارب 20 کروڑ رومن کیتھولک عیسائیوں کے نئے پیشوا کے انتخاب کا عمل ماہرین اور مبصرین کی توقعات کے برعکس جلد مکمل ہوگیا ہے۔

گزشتہ چار پوپ کے انتخاب میں کارڈینلز کو دو سے تین دن لگے تھے جب کہ نئے پوپ کا انتخاب دو روز گزرنے سے قبل ہی کرلیا گیا ہے۔

دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 115 کارڈینلز، یعنی پوپ  کے معاونین، نے منگل کی شب پوپ کے انتخاب کے لیے بند کمرے میں انتخابی عمل کا آغاز کیا تھا۔

کارڈینلز نے منگل کو پہلی رائے شماری کی تھی جو بے نتیجہ رہی تھی جب کہ بدھ کو کل چار بار ووٹنگ کی گئی جن میں سے ابتدائی تین ووٹنگ بھی بے نتیجہ رہی تھیں۔ ہر بے نتیجہ ووٹنگ کے اختتام پر 'سسٹین چیپل' کی چمنی سے سیاہ دھواں برآمد ہوا۔

خیال رہے کہ پوپ کا انتخاب کارڈینلز کے دو تہائی  ووٹوں سے عمل میں آتا ہے۔

No comments:

Geo News English

Blogger Tricks

Power Rangers video

Adi Shankar Presents a Mighty Morphin' Power Rangers Bootleg Film By Joseph Kahn.

To Learn More About Why This Bootleg Exists Click Here: http://tinyurl.com/mw9qd79