پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے انتخابات سے ایک روز قبل معروف صحافی اور پاکستان میں نیویارک ٹائمز کے بیورو چیف ڈیکلن والش کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ویب سائٹ کے مطابق ڈیکلن والش کو جمعرات کی دوپہر پولیس نے وزارتِ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک دو سطری خط لا کر دیا جس میں صرف اتنا لکھا ہوا تھا:
’آپ کو خبردار کیا جاتا ہے کہ آپ کی ناپسندیدہ سرگرمیوں کی وجہ سے آپ کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس لیے آپ 72 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑ دیں۔‘
نیویارک ٹائمز نے اپنے نامہ نگار کی ملک بدری کے حکم پر سخت احتجاج کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انھیں فوری طور بحال کیا جائے