ایک امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیارے نے شام کے ساحلی شہر لاذقیہ میں میزائل حملہ کیا ہے۔
امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ اس حملے میں روسی ساخت کے میزائلوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو مبینہ طور عسکریت پسند گروہ حزب اللہ کے لیے لیجائے جا رہے تھے۔
لاذقیہ شامی صدر بشارالاسد کا مضبوط گڑھ ہے جہاں علوی برادری اکثریت میں ہے اور صدر اسد کا تعلق بھی اسی برادری سے ہے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے شام پر رواں برس کم سے کم تین میزائل حملے کیے جا چکے ہیں اور صدر بشارالاسد نے کہا تھا اگر آئندہ اسرائیل نے ایسا کوئی حملہ کیا تو شام جوابی کارروائی کرے گا
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سریئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ ’دفاعی
فضائی فوج کے اڈے سے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں‘۔
اب تک ان اطلاعات پر نہ ہی شام اور نہ ہی اسرائیل نے کوئی بیان دیا ہے تاہم امریکی اہلکار نے بتایا ہے کہ یہ حملہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوا ہے۔
اسرائیل مسلسل کہتا رہا ہے کہ اگر خطے میں شامی ہتھیار کسی بھی عسکریت پسند گروہ خاص طور پر حزب اللہ کو فراہم کیے گئے تو وہ کارروائی کرے گا۔
شام میں صدر اسد کے خلاف بغاوت دو ہزار میں شروع ہوئی تھی۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اس خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بیس لاکھ افراد نے نقل مکانی کی ہے۔
شام کے صدر بشار الاسد اسرائیل پر باغیوں سے تعاون کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں لیکن انھوں نے اس بارے میں ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان کئی بار فائرنگ کا تبادلہ ہو چکا ہے۔
شام اور اسرائیل سنہ 1948 سے حالتِ جنگ میں ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے بعد سے گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور اس نے سنہ 1981 میں اس علاقے کو اپنی عملداری میں شامل کر لیا جسے عالمی سطح پر تسلیم نہیں کیا جاتا۔
No comments:
Post a Comment